اللہ تعالیٰ پر کامل یقین،محنت کو اپنا شعار بنائیں،راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی ایس سکول و کالج فیصل آباد میں پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے لیے ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ لیپ ٹاپس منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنرو چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں فیصل آباد ڈویژن کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے 47 پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبا اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ لمحہ ہم سب کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہمارے طلبا نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلبا اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے اور علم و تحقیق کے میدان میں نئے معجزے دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے لیڈرز ہیں، ملک کی باگ ڈور آئندہ انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ راجہ جہانگیر انور نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، اللہ تعالی پر کامل ایمان رکھیں اور جدید علوم سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و ٹیکنالوجی کی بدولت ہی پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا جبکہ چین کی ترقی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہیں اور سب سے زیادہ وسائل ایجوکیشن سیکٹر میں فراہم کر رہی ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن، پرنسپل ڈی پی ایس پروفیسر یسین، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب طارق محمود رحمانی کے ہمراہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ ہسپتال ون، ٹو، ایف آئی سی ڈاکٹر محمد فہیم یوسف، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال اور رانا ندیم بھی شریک ہوئے۔رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان (RWTP)کے زیر اہتمام ایک رفاعی ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔ یہ سنٹرنو پرافٹ، نو لاس(No Profit No Loss) پالیسی کے تحت عوام کو تشخیصی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر خون کے تمام ٹیسٹوں میں مارکیٹ کی دیگر لیبارٹریوں کے مقابلے میں 80 فیصد تک رعایت دے رہا ہے جو عوامی خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ڈی سی میں آنے والے تمام مریضوں کو بلا امتیاز جدید لیبارٹری سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ادارہ عام شہریوں کی پہنچ سے دور مہنگے ترین اور جدید ٹیسٹوں کو کم لاگت میں فراہم کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دے رہا ہے۔راجہ جہانگیر انور نے اس موقع پر کہا کہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر جدید مشینری اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اور اپنی کارکردگی و معیار کے لحاظ سے کسی بھی بڑے سرکاری یا نجی میڈیکل سنٹر کے ہم پلہ ہے۔کمشنر فیصل آباد نے رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے رفاعی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فلاحی منصوبے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے عملی مظہر ہیں اور صحت عامہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں