حکومت گارمنٹس سیکٹر کی مراعات کیلئے اقدامات کرے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کرسمس سے قبل اپیرل اور گارمنٹس سیکٹر میں تیزی کی بجائے صنعتوں کا اپنی استعداد کار کے 50% پر چلنا لمحہ فکریہ ہے۔ اور اگر اس ویلیو ایڈڈ شعبہ کو علاقائی و تجارتی حریف ممالک سے مسا بقت کیلئے مراعا ت نہ دی گئیں تو آنے والے دنوں میں براآمدات بری طرح متاثر ہونگی یہ بات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کی نو منتخب سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں سابقہ و موجودہ عہدیداران میاں کاشف ضیا، میاں فرخ اقبال، حاضر خان، جاوید اسلم، حافظ راشد محمود نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر گارمنٹس اور اپیرل سیکٹر کا حصہ 1.7ٹریلین ڈالرہے اور اگر ہم اس کا10سے 20% حصہ لینے میں کامیاب ہوگئے تو زرمبادلہ کی تمام ضروریات پورے ہونے کے ساتھ مزید تعداد میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ انہوں نے اس شعبہ کی تنزلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس کی قیمتیں ہمارے دوسرے تجارتی حریفوں سے بہت زیادہ ہیں اسطرح زیرو ریٹنگ کی سہولت نہ ملنے سے تمام چھوٹے بڑے یونٹس کو کیش فلو کے مسائل درپیش ہیں انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداواری لاگت سے نمٹنے کیلئے حکومت نے DLTLکی سہولت دی تھی جسے معطل کردیا گیا۔ انہوں نے مالی مسائل کے حل کیلئے سستے نرخوں پر مالی وسائل مہیا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ حکومت کو فوری طور پر جی ایس پی پلس کی موجودہ مدت میں مزید توسیع کیلئے اقدامات کرنے ہونگے انہوں نے کہا کہ فیبرکس کی لاگت میں 60فیصد حصہ کپاس کا ہوتا ہے مگر حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی ہوئی جسے بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کو فوری مراعات دینے کی ضرورت ہے انہوں نے اس شعبے کو ہنر مند افرادی قوت مہیا کرنے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس شعبہ کے مسائل کو معمولی نہ سمجھا جائے کیونکہ یہ روزگار مہیا کرنے کا بڑا ذریعہ ہے جس کے ذریعے لاکھوں مزدورں کے گھروں کے چولہے جلتے ہیں انہوں نے گارمنٹس کے شعبے کی پائیدار ترقی کیلئے طویل مدتی اور جامع صنعتی پالیسی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ میاں کاشف ضیا سابق چیئرمین نے پی ایچ ایم اے میں نوجوان قیادت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ گروپ لیڈران کے فیصلے کے مطابق روٹیشن پالیسی جای رہے گی۔ میاں فرخ اقبال سابق چیئرمین نے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن سکیم (EFS) کوا صل شکل میں بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور نئے سینئر وائس چیئرمین کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں