جماعت اسلامی کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے غزہ جانیوالے پرامن امدادی قافلے پر اسرائیلی فورسز کے حملے، سینیٹر مشتاق سمیت سینکڑوں امدادی کا ر کنوں کی گرفتاری اور نام نہاد امن معاہدہ کے خلاف مظلوم فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک گیر احتجاج کے سلسلہ میں فیصل آباد میں بھی گلستان کالونی، سمن آباد، مدینہ ٹان، پیپلزکالونی،شاداب کالونی،محمدپورہ،سدھارسمیت شہر کی مرکزی مساجد کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرے کئے۔ ان مظاہروں کی قیادت مقامی راہنماں پروفیسر محبوب الزماں بٹ،رانا سکندر اعظم، عظیم رندھاوا،خالد چوہدری، رانا طہ خاں، ڈاکٹربشیر صدیقی،میاں اعجاز، آصف اسلام،عمران عبداللہ،میاں منیرو دیگر نے کی، جامع مسجد مجاہد ہسپتال مدینہ ٹان کے سامنے ہونے والے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے کہاکہ بیس لاکھ سے زائد محصور ومظلوم فلسطینی مردو خواتین اور معصوم بچوں کی امداد روکنا جنگی جرم ہے۔انسانی ہمدردی پر مبنی اس مہم کو روکنا اور امداد لے جانے والوں کو گرفتار کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی بھی سراسر توہین ہے۔ اسرائیل گزشتہ ایک سال سے غزہ اور فلسطین میں تاریخ کے بدترین جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے غزہ پر مسلط دہشت گردی اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی صیہونی جارحیت 45 ہزار انسانی جانیں نگل چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں