صنعت کاروں و تاجروں کو درپیش مسائل حل کروانے کی یقین دہانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد نیکسزلائنز کلب کی طرف سے FCCI کے نومنتخب صدر شیخ فاروق یوسف’ سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا’ تقریب میں فیصل آباد نیکسزلائنز کلب کے صدر محمد اسماعیل قمر’ سیکرٹری محمد سلیم’ ٹریژرمحمد طاہر سابق صدورمیاں تنویر’ ملک منظور’ خوشنود پاشا ‘ ملک غلام صابر’ فیصل علی رانا کے علاوہ سابق کلب سیکرٹریز’ ٹریژر اور کلب ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ تقریب میں پہنچنے پر فیصل آباد نیکسزلائنز کلب کے عہدیداروں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نومنتخب عہدیداروں کا پرتپاک استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوں کی گلدستے پیش کئے’ خطبہ استقبالیہ میں کلب صدر محمد اسماعیل قمر نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ ہمارا چارٹرڈ پریذیڈنٹ FCCI کا صدر منتخب ہوا ہے’ انہوں نے FCCI کے نومنتخب صدر شیخ فاروق یوسف’ سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر کو مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ آپ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نیک نامی کا سبب بنیں گے اور حکومت اور تاجروں کے مابین پل کا کردار ادا کریں گے’ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے نومنتخب صدر شیخ فاروق یوسف’ سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے کہا کہ ہم نیشنل گروپ کے گروپ لیڈرز میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں یہ ذمہ داریاں سونپی ہیں’ ہماری کوشش ہو گی کہ ایک سال کے عرصے میں وہ کچھ کر جائیں جو آنے والے لوگوں کیلئے مثال بن جائے’ ہمارے کئی ایک پلان ہیں جنہیں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے’ خاص طور پر ہماری کوشش ہے کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے نئی نسل کیلئے ایسے پروگرام لانچ کریں جو دور جدید کی ضرورت ہے’ آج کے یہ بچے ہمارا کل کا مستقبل ہیں اگر ہم ان کی بہتر نشوونما اور ان کو اچھی صحت دینے میں کامیاب ہو گئے تو کوئی وجہ نہیں مستقبل کا پاکستان ترقی یافتہ پاکستان بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرے’ اس کے علاوہ کاروباری طبقہ کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے اور انڈسٹری اونرز اور چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل حل کروائیں گے’ اس موقع پر انہوں نے فیصل آباد نیکسزلائنز کلب کی تمام ٹیم کو اس قدر خوبصورت تقریب سجانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ ہی وہ لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو مسائل کے حل کیلئے چن لیا ہے’ آپ لوگ دکھی انسانیت کی جو خدمت کر رہے ہیں اس کا اجر اللہ تعالیٰ آپ کو ضرور دے گا ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو مزید توفیق دے اور آپ اسی طرح مصیبت زدہ اور مستحقین کیلئے کام کرتے رہیں’ اس موقع پر کلب سیکرٹری محمد سلیم نے کلب کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ٹریژر محمد طاہر نے کلب کے فنانس رپورٹ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں