مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مکرمہ میں غار حرا کے دامن میں واقع حرا ثقافتی مرکز میں نئے بلاک کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں نمائش کے لیے قدیم قرآن پاک کے نسخوں کے ساتھ سب سے بڑا قرآن پاک بھی رکھا گیا ہے۔غار حرا میں خاتم النبیین حضرت محمد صلی علیہ وآلہ وسلم پر پہلی وحی نازل ہونے کے ساتھ قرآن پاک کے نزول کا عمل شروع ہوا جو مسلمانوں کے لیے سرچشمہ ہدایت اور راہ نجات ہے۔حرا ثقافتی مرکز کے قرآن کمپلیکس کے نئے بلاک میں 14 سو سال کے مختلف ادوار میں لکھے گئے قرآن پاک کے نایاب نسخوں کو رکھا گیا ہے جبکہ دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کا نسخہ بھی دنیا بھر کے زائرین کی توجہ کا مرکز ہے۔قرآن میوزیم میں قرآن پاک کو لکھنے کے قدیم عمل سمیت جدید دور میں قرآن پاک کی اشاعت کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ غلافِ کعبہ کا ٹکڑا اور بیت اللہ شریف کے دروازے کے ماڈل، غار حرا کا ماڈل بھی پیش کیا گیا ہے جس میں روزانہ سیکڑوں افراد حرا میوزیم کا رخ کر کے انبیا کرام کے حالات و واقعات سے روشناس ہونے کے ساتھ ساتھ نزول قرآن اور اس کی فضیلت کے حوالے سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔




