فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے کراچی کے بعد فیصل آباد میں بھی بنوقابل پروگرام شروع کرنے کااعلان کردیا۔ہزاروں نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروانے کے بعد انھیں روزگارمیں معاونت فراہم کی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن10اکتوبرکوکریسنٹ گرائونڈمیں افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے ۔ صوبائی امیرجاویدقصوری نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میںضلعی و زونل ذمہ داران کے اجلاس میں تفصیلا ت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی تو ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔اجلاس سے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، صوبائی صدر الخدمت اکرام الحق سبحانی،ضلعی صدررائے ندیم الرحمن،یاسرکھارا ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ جاویدقصوری نے کہا کہ بنو قابل پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہے ۔ملکی آبادی کا 65 فیصد نوجوان ملک کاقیمتی اثاثہ ہیں ، اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کیلئے ہمیں جماعتی، مذہبی اورمسلکی تفریق سے بالاترہوکر اقدامات کرنا ہوں گے۔نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب رجحان اور ان کا جذبہ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے، نوجوان اس پروگرام میں اپنا نام اور مقام بنا کر آئی ٹی کے میدان میں انقلاب برپا کریں گے او اپنے اور اپنے خاندان کے خوشحالی کے لیے قدم بڑھائیں گے ۔ میٹرک میں ہر سال لاکھوں بچے فارغ ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل ضائع ہو جاتا ہے۔مفت آئی ٹی کورسز مکمل کر کے کے نوجوان دنیا بھر میں جا کر اپنی تعلیم کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ گھربیٹھے باعزت روزگار کما سکیں گے جوملکی زرمبادلہ میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام دوسال قبل کراچی سے شروع کیا گیا تھاجس کا مقصد نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کراو کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ۔




