عارضی اور پختہ تجاوزات کیخلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں عارضی اور پختہ تجاوزات کے خلاف جاری آپر یشن کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سڑکوں سے تجاوزات مکمل طور پر ختم کی جا ئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں رہائشی بلاکس اور گلی محلوں میں موجود پختہ تجاوزات کے خلاف بھی بلا تفریق کارروائی کی جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ ایریاز کی نشاندہی کر کے لوگوں کو ایک ہفتے کی مہلت دی جائے تاکہ وہ ازخود تجاوزات ہٹا لیں، بصورت دیگر تحصیل و ضلعی انتظامیہ اور پیرا اب رہائشی علاقوں میں مشترکہ طور پر آپریشن شروع کریں۔ انہوں نے بلاکس میں پارکنگ ایریاز قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں سے ٹائم لائنز بھی طلب کر لیں۔ جہانزیب اعوان نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ جہاں سے تجاوزات کا خاتمہ ہو چکا ہے وہاں دوبارہ کسی بھی صورت تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں۔ وہ مختلف اداروں کو دئیے اہداف کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں شہر کی بیوٹیفکیشن، انکروچمنٹ مہم اور ستھرا پنجاب سرگرمیوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت ویسٹ کلیکشن بڑھانے، یونین کونسلز سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں فعال کرنے اور عوامی فیڈ بیک کے مطابق اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے شہر بھر میں قائم ریڑھی بازاروں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں ریڑھی بازار کے لیے مناسب جگہ مختص کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں شہر کی سٹریٹ لائٹس کی فنکشنل اور نان فنکشنل تفصیلات، ہسپتالوں کی پارکنگ ایریاز کی بہتری، اور مویشیوں کے خلاف جاری مہم کی تازہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کمشنر نے اب تک مسمار کیے گئے باڑے اور قبضہ میں لیے گئے مویشیوں کی تفصیلات طلب کیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد ارشد، سی ای او ایم سی ماجد بن احمد، سی او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں