اسرائیل اور امریکہ غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) غزہ پر مزاحمت کے دوسال مکمل ہونے پردنیابھرکی طرح فیصل آباد میںبھی مظلوم فلسطینی عوام سے عالمی اظہا ر یکجہتی کے سلسلہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے مقامی سکول کے بچوںکے زیراہتمام غزہ یکجہتی واک میںحصہ لیا۔پلے کارڈز اوربینرزاٹھا رئے بچوںنے اسرائیل کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔اس موقع پراجمل بدر،یوسف گل پراچہ،امجدحسین امجد بھی موجود تھے۔بچوںسے خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماںبٹ نے کہاکہ اسرائیل گزشتہ کئی دہائیوں سے غزہ اور فلسطین میں تاریخ کے بدترین جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے۔ غزہ پر مسلط موجودہ دہشت گردی اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر مبنی صیہونی جارحیت 45 ہزار انسانی جانیں نگل چکی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔ شہداء اور زخمیوں میں زیادہ تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ غزہ کے بہادر، ثابت قدم عوام نے اپنے صبر و استقامت سے صیہونیت کو شکست دی ہے۔ عالمی اداروں اور عالم اسلام کو فلسطین کیلئے طاقت ور حکمت عملی بنانا ہوگی وگرنہ ہر مسلم ملک ایک ایک کرکے عالمی استعماری ظلم کا شکار ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ غزہ کی سرزمین ہڑپ کرنے کیلئے اپنا شیطانی کھیل شروع کرچکے ہیں۔ امریکی، اسرائیلی منصوبہ کے سدباب کے لیے عالم اسلام کو اب تو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اسرائیل اور امریکہ غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ امریکی صدر ٹرمپ شکست خوردہ صیہونیت کو سہارا دینے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوںنے کہاکہ تمام اسلامی ممالک کی طرف سے اسرائیلی مصنوعات اور ان سے وابستہ سرپرست کمپنیوں کا بائیکاٹ کیاجائے، اسرائیلی سفیروں کو فوری طور پر ملک بدر کر کے سفارتی تعلقات کا خاتمہ کیا جائے، ایک بین الاقوامی فلسطینی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے،اسرائیل کو واضح دھمکی دی جائے کہ اگر اس نے جارحیت بند نہ کی تو ایسے ممالک کو تیل کی فراہمی بند کر دی جائے گی جو اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں،مسلم ممالک میں قیادت کی سطح پر ریلیاں، احتجاج اور بیانات کے ذریعے یک آواز ہو کر عالمی رائے عامہ پر اثر انداز ہوا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں