گنڈا پور کے ترجمان نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پشاور( بیورو چیف)سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کہا حلقے میں سیاسی کام جاری رکھوں گا۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ترجمان وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم میں علی امین گنڈاپور کے ساتھ اپنے حلقے میں سیاسی کام جاری رکھوں گا۔انہوںنے کہاکہ گورنر خیبرپختونخوا ہمیشہ خبروں کی زینت بننے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میڈیا میں نمایاں رہیں۔فراز مغل نے بتایا کہ استعفیٰ جمع کرانے کی تصاویر بھی لی گئیں، گورنر خیبرپختونخوا کو استعفیٰ موصول ہوچکا ہے، اب اسے منظور کرنا یا نہ کرنا ان کا فیصلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے واضح کر دیا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ پیشکش بھی کی گئی تو وہ وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول نہیں کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں اور سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ کا پروٹوکول بھی دے دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں