ملک کے ہر نوجوان کو روشن مستقبل دینا جماعت اسلامی کا مشن ہے،حافظ نعیم الرحمن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے فیصل آبادمیں بنو قابل پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگارکے قابل بنائیں گے، حکمرانوں نے ملک میں مایوسی پھیلائی، نوجوان عہد کریں کہ مایوس ہونے کی بجائے ناامیدی پھیلانے والوں کو مایوس کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں فری آئی ٹی ٹریننگ کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ کامیاب ہونے والے طلباوطالبات کو کمپیوٹر اور آئی ٹی سے آگاہی کے مختلف کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بنو قابل کے تحت دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی ٹریننگ دے گی، پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیاجائے گا، آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرکے تمام بڑے شہروں میں اس کے کیمپس بنائیں گے، تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہتمام بھی کیا جائے گا، گھریلو خواتین کو بھی آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت کا مقصد بنوقابل کے تحت صرف کورسز کرانا نہیں بلکہ ایک تعلیمی انقلاب برپا کرنا ہے جو پاکستان کے ہر نوجوان کو روشن مستقبل دے سکے، ملک معدنیات سے مالا مال صرف لیڈرشپ کی کمی ہے، اگر وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند برسوں میں ترقی کر جائے گا، آئی ٹی سیکٹر میں دو سے پانچ سال مواقع دے دیے جائیں، فری تعلیم دی جائے تو پانچ سال میں 25بلین ڈالر تک سرمایہ بڑھ سکتی ہے جو اب صرف آٹھ ارب ڈالر ہے، حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں،انہوں نے کہاکہ ملک میں کالجز اور یونیورسٹیز میں فیس معاف کر دی جائے تو 570ارب بنتے ہیں، حکمران آئی پی پیز مافیا کو ہزاروں ارب دیتے رہے ہیں، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھا، تعلیمی نظام طبقاتی اور استحصالی ہے، غریب اور مڈل کلاس کی پہنچ میں نہیں رہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوا سکیں، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور ان میں سے سوا کروڑ بچے صرف پنجاب میں ہے۔ پنجاب میں بچوں کو سکول بھیجنے کی بجائے سکولوں کو ہی این جی اوز کے حوالے کیا جارہا ہے۔ پنجاب میں حکومت نمائشی اقدامات کررہی ہے، ساری حکومت اشتہاروں میں نظر آتی ہے، گرانڈ میں اس کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ40سال سے مریم نواز کاخاندان حکمرانی کر رہاہے، لیکن اس وقت بھی پنجاب میں کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں،مفت تعلیم ہر پاکستانی کا حق ہے لیکن قوم کو اس حق سے محروم کر دیا گیا ہے، ہمیں خیرت نہیں حق چاہیے، جماعت اسلامی 21نومبر سے لاہور میں مینار پاکستان پر تین روزہ اجتماع منعقد کررہی ہے نوجوان اس اجتماع میں شریک ہوں۔ جب الخدمت فانڈیشن صرف ایک ضلع میں ہزاروں لوگوں کو مفت تعلیم دے سکتی ہے تو یہ کام حکومت کیوں نہیں سکتی، انہوں نے کہاکہ مریم بی بی باہر نکلیں اور ہمارے بچوں کیلئے مفت تعلیم کا اہتمام کریں، جماعت اسلامی اپنے طورپرنوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دے کر انہیں ہنر سے آراستہ کررہی ہے، نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان لوگوں کو مایوس کریں جو ناامیدی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی ٹی پر توجہ دی جائے تو آنے والے چند برسوں میں ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹ بیس ارب ڈالر ہوجائیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے وعدہ لیا کہ وہ بنو قابل کے سفیر بن کرحکمرانوں کو باور کرائیں گے کہ تعلیم خیرات نہیں ہر بچے کا حق ہے۔ حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈہ سے نوجوان مایوس ہو رہا ہے، آئی ٹی و دیگر کمپنیوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا مستقبل محفوظ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں