کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک افغان سرحد پر افغانستان کی بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان نے افغان بارڈر پر 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا، منوجیا بٹالین ہیڈ کوارٹرز، غرنالی ہیڈکوارٹر، درانی کیمپ سمیت کئی مورچے ملیامیٹ کر دیئے کئی افغان اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیئے۔افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال، اور بارام چاہ کے مقامات پر بھی بِلا اشتعال فائرنگ کی اور خوارجی دہشت گردوں نے کئی مقامات پر سرحد پار کرنے کی بھی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے افغانستان کی بلا اشتعال فائرنگ پر رات گئے سے بھرپور اور موثر جوابی حملہ کیا، اور افغانستان کی ان 19پوسٹوں پر قبضہ کر لیا جہاں سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں قبضہ شدہ افغان پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، بیشترافغان طالبان پوسٹیں خالی چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں، کئی پوسٹوں پر افغان اہلکار سرنڈر کر چکے ہیں جبکہ کئی مقامات پر فتنہ الخوارج دراندازی کرتے مارے گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے شدید اور موثر جوابی کاروائی کے نتیجے میں چمن بارڈر کے علاقے میں افغان طالبان اور طالبان کی پوسٹوں پر چھپے خارجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگتے ہوئے مارے گئے۔ پاکستان فوج کی طرف سے برابچا کے علاقے میں افغان طالبان کی اس بٹالین کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں سے خارجیوں اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو پاکستان میں لانچ کیا جاتا تھا۔سٹرائیک میں فتنہ الہندوستان اور خارجیوں کے بھاری جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں، کئی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔پاکستان نے طالبان فورسز کی ژوب سیکٹر میں اہم پوسٹ پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا، قبضہ کی جانے والی طالبان پوسٹ پر موجودافغان طالبان کی ہم وی بکتر بند کو بھی تباہ کر دیا گیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم کے مخالف علاقے میں افغانستان سائیڈ پر چوٹی پر موجود ٹینک پوزیشن کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے اب تک 27 اہداف کو نشانہ بنایا گیا یے، یہ خوارج کو پناہ دینے اور پھر پاکستان میں داخل کروانے کے لئے سہولت کاری بھی کرتے تھے۔ پاکستان نے طالبان فورسز کے درانی کیمپ 2پر کامیاب سٹرائیک کی، طالبان کا درانی کیمپ 2 مکمل تباہ کر دیا، درانی کیمپ میں موجود پچاس سے زائد افغان فوجی اور خارجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات آئی ہیں۔پاک فوج کے حملے میں ہلاک ہونے والے خارجیوں کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے طالبان فورسز کے غزنالی ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا، طالبان کے غزنالی ہیڈ کوارٹر میں موجود درجنوں طالبان اور خارجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برامچا سیکٹر میں افغانی شہیدان پوسٹ تباہ کردی، خرلاچی سیکٹر میں افغانی پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔ خارجیوں اور افغان فورسز کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے اور موثر فائر سے کھرچر فورٹ مکمل تباہ کردی گئی، کھرچر فورٹ فتنہ الخوارج کا مرکز تھا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے داعش اور خارجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی وسائل اور ڈرون کا بھی استعمال کیا، افغان پوسٹیں کور فائر دینے میں مکمل ناکام رہیں، خارجی تشکیلیں منتشر ہوگئیں۔افغانستان کا منوجبا کیمپ بٹالین ہیڈکوارٹر1 اور 2 مکمل ملیا میٹ ہوگئے، درجنوں طالبان سپاہی اور خوارجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔کرم میں مخالف علاقے میں افغان پوسٹ تباہ ہونے کی ویڈیو جاری کر دی گئی۔افغان ٹالی پوسٹ بھی تباہ ہو گئی، افغانی دوران میلا اور ترکمانزئی کیمپس بھی نیست و نابود کر دیے گئے، خرلاچی سیکٹرمیں بھی افغانی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج نے افغان جنڈوسر اور کنڑ پوسٹ بھی ملیا میٹ کردیں۔پاک فوج کے موثرفائرسے لیوبند، قلعہ عبداللہ سیکٹرمیں افغانی پوسٹ مکمل تباہ ہو گئی، چاغی کے قریب افغان دہشت گردوں پر پاکستان فورسز نے کڑے وار کئے، کئی افغان دہشت گرد ہلاک اور چیک پوسٹیں اڑا دی گئیں۔چترال کے قریب افغانستان کی پوسٹ تباہ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے آرٹلری، ٹینکوں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ افغانستان کی طرف سے فائرنگ کا مقصد خوارج کو بارڈر پار کرانا بھی تھا۔دریں اثناء ۔کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کے بھرپور جواب کے بعد افغان فورسزبوکھلاہٹ کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے پاکستان سے بھاری جوابی کارروائی روکنے کی درخواست کردی۔پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور متعددافغان پوسٹوں اور خارجیوں کی تشکیلوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ درجنوں افغان فوجی اور خوارج ہلاک ہوگئے اور طالبان متعدد لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے آرٹلری، ٹینکوں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ پاک فوج کی جانب سے داعش اورخارجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔افغان پوسٹیں خارجیوں کو کور فائر دینے میں ناکام ہیں۔ درجنوں افغان فوجی اور خوارج ہلاک ہوگئے اور طالبان متعدد لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ بھاری نقصانات کے باعث متعدد افغان پوسٹیں خالی ہوگئیں اور افغان فوجی متعدد لاشیں پوسٹوں پر چھوڑ کر بھاگ گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے بھرپورجواب سے افغان فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئیں اور پاکستان سے بھاری جوابی کارروائی روکنے کی درخواستیں کردیں۔




