واسا کی جاری سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار تیز کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت واسا افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں واسا کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں،سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ پلان بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ،ڈی ایم ڈی انجینئرنگ ثاقب رضا، ڈی ایم ڈی سروسز محمد مقبول سنپال بھی موجود تھے۔ایم ڈی واسا نے شہر بھر کی جاری ترقیاتی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور سیوریج لائنوں اور ڈرینج لائنز کی ڈی سلٹنگ پلان بارے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ واسا کی جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ان ترقیاتی سکیموں کو مقررہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کیا جا سکے جس سے شہریوں کو سیوریج کی نکاسی کے حوالے سے نمایاں ریلیف حاصل ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کو ایک موثر اور جامع پلاننگ کے تحت جاری رکھے تاکہ آئندہ مون سون سیزن سے قبل تمام سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مکمل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی، باوا چک سمیت سرگودھا روڈ کی روڈ سائیڈ ڈرینز کو اوپن کرا کر ان کی ڈی سلٹنگ کروائی جائے تاکہ بارشی پانی کی نکاسی تیز رفتاری کے ساتھ ممکن ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کاموں میں پہلے ہی تیزی لانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا روڈ پر روڈ سائیڈ ڈرین لائنز کی ڈی سٹلنگ ترجیحی بنیادوں پر کرائی جائے گی جبکہ دیگر سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی صفائی کے لئے بھی شیڈول مرتب کر لیا گیا ہے جس پر بھرپور سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں