غلہ منڈی کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کا کوئی پلان نہیں،رانا ثنا اللہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے ایک وفد نے شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے کی سربراہی میں وفاقی وزیر بین الصوبائی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں(تمغہ امتیاز) سے خصوصی ملاقات کی، وفد میں چیئرمین انجمن آڑ ھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں، وائس چیئرمین شیخ محسن خالد،حاجی فضل الہٰی ، رانا شفاق بھولا، رانا علی ریاض، محمد امین شہزاد، شیخ حسن سابق چیئرمین پائما، سابق سینئر نائب صدر ایف سی سی آئی شیخ قیصر شمس گچھا و دیگر شامل تھے۔چیئرمین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں، وائس چیئرمین شیخ محسن خالدنے تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خاں کو بتایا کہ سابق ایم پی اے مہر حامد رشید وغیرہ نے پرائیویٹ غلہ منڈی کو سرکاری غلہ منڈی کا تاثر دے کر تاجروں کو زبردستی اور ڈرا دھمکا کر اپنی پرائیویٹ غلہ منڈی میں شفٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ تجاوزات کی آڑ میں تاجروں کو بلا جواز نوٹس دے کر دکانیں گرانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور دکانداروں کو یہ تاثر جا رہا ہے کہ موجودہ غلہ منڈی کو شہر سے باہر شفٹ کر دیا جائے گا۔ اس لیے آپ لوگ ابھی سے ہماری پرائیویٹ غلہ منڈی میں خریداری کر لیں۔مختلف یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا پر کمپین چلائی جا رہی ہے کہ غلہ منڈی میں بے پناہ مسائل ہیں ، ٹریفک کا نظام بری طرح خراب ہے، سیوریج سسٹم ناکارہ ہے وغیرہ وغیرہ، حالانکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ غلہ منڈی کے تاجر پر سکون ماحول میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہر کی غلہ منڈی بائونڈری وال کے اندر ہے جس میں شہر کی ٹریفک کا کوئی ایشو نہیں۔ مارکیٹ کے تعاون سے منڈی میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال 4کروڑ 20لاکھ روپے کا بجٹ تھا جبکہ اس سال 2کروڑ21لاکھ لاگت سے نئی سڑکیں بھی بن رہی ہیں اور سیوریج سسٹم بھی نیاڈال دیا گیا ہے۔ ان کے منفی پراپیگنڈہ کی وجہ سے دکاندار بہت پریشان ہیں۔ تقریبا ڈیڑھ سو کے قریب آپ کے حلقہ انتخاب کے لوگ اور باقی پورے شہر سے اپناکاروبار کر رہے ہیں، وفاقی وزیر بین الصوبائی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے تاجروں کی تمام باتیں سننے کے بعد ان کو مخاطب کر کے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ آپ لوگ اسی جگہ اور اسی غلہ منڈی میں اپنا کام کریں گے۔ مہر حامد رشید برادران ہمارے ساتھی ہیں وہ اپنا کاروبار ضرور کریں 2غلہ منڈیاں اور بنائیں لیکن میں آپ کو یقین دہانی کرواتا ہوں کہ حکومت پنجاب کو موجودہ غلہ منڈی شہر سے باہر شفٹ کرنے کا کوئی پروگرام نہیں۔ اور نہ ہی یہ تاثر درست ہے کہ سرکاری غلہ منڈی کسی پرائیویٹ غلہ منڈی میں شفٹ کی جا رہی ہے۔ کوئی ادارہ یا سرکاری ملازم آپ کو تنگ کرے آپ مجھے بتائیں، یا شیخ اعجاز احمد کے نوٹس میں لائیں ۔ یہ مجھے بتائیں انشاء اس کا فوری سدب باب کیا جائے گا۔ غلہ منڈی کے آڑھتی میرے لیے قابل احترام ہیں آج کے بعد پورے ذہنی سکون اور تسلی کے ساتھ اپنا کاروبار کریں۔ آڑھتیوں کے وفد نے آخر پر اہم ترین مسئلہ حل کرنے اور اپنے تاجر بھائیوں کا ہر طرح سے تحفظ کرنے اور ساتھ دینے پر رانا ثناء اللہ خاں کا شکریہ ادا کیا۔ انہیں سینیٹر بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ رانا ثناء اللہ خاں نے اسی وقت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو فون کیا کہ غلہ منڈی کے تاجروں کا وفد آپ سے ملاقات کرے گا ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں آج کے بعد ان کے ساتھ کسی بھی محکمہ کی طرف سے کوئی زور زبردستی اورزیادتی نہیں ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں