کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے مرحلے کا آغاز،پی پی115’پی پی 116میں سرگرمیاں تیز

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)23نومبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی فیصل آباد کے حلقہ پی پی 115اور پی پی 116میں سرگرمیاں تیزہو گئی ہیں۔واضح رہے کہ ان دونوں حلقوں کے علاوہ این اے 96جڑانوالہ’ این اے 104فیصل آباد اور پی پی98چک جھمرہ سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں سیلاب کے باعث ملتوی ہونے والے ضمنی الیکشن بھی 23نومبر کو ہونے کا امکان ہے۔ان حلقوںمیں کاغذات نامزدگی نئے سرے سے جمع نہیں کروائے جائیں گے بلکہ پہلے سے جمع کاغذات نامزدگی کو ہی حتمی سمجھا جائے گا۔ پی پی 115اور پی پی116میں کاغذات نامزدگی 13اکتوبر سے لے کر15اکتوبر تک جمع ہوں گے۔ آج 14اکتوبر ہے اس لئے ان دونوں حلقوںمیں آج اور کل 15اکتوبر کو کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے۔16اکتوبر کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔20اکتوبر تک سکروٹنی ہوگی۔24اکتوبر تک امیدواروں کے خلاف اپیلیں دائرکی جائیںگی۔جن پر 31اکتوبر تک فیصلے ہوں گے۔یکم نومبر کو امیدواروں کی فہرست آویزاںکی جائے گی۔3نومبر کو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیںگے۔جس کے بعد 4نومبرکو حتمی امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیںگے۔پی پی115میں پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل ہی میدان میں موجود ہیں تحریک انصاف کی طرف سے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد صورتحال مختلف ہے۔ تاہم اس حلقہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری رانا حکیم مرتضیٰ ایڈووکیٹ الیکشن لڑنے کے لئے پر تول رہے ہیں۔تاہم پی پی 115میں میاں طاہر جمیل کی انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے اور انہیں عوامی تائید و حمایت بھی بھرپور حاصل ہے۔ میاں طاہر جمیل دن رات انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اسی طرح پی پی 116میں اسی حلقہ کے ٹکٹ ہولڈر رانا احمد شہریار کو مسلم لیگ ن نے میدان میں اتارا ہے اور وہ انتخابی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پی پی116میں سابق ایم پی اے چوہدری شفیق گجر کا نام گردش کرتا رہا تاہم ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری شفیق گجر پی پی 116کا ضمنی الیکشن نہیں لڑیں گے۔ تحریک انصاف پہلے ہی ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کرچکی ہے۔فی الحال اس حلقہ میں رانا احمد شہریار ہی اکلوتے امیدوار سامنے آئے ہیں۔اسی طرح پی پی 98چک جھمرہ میں مسلم لیگ ن نے ضلعی جنرل سیکرٹری آزادعلی تبسم سابق ایم پی اے کو پارٹی ٹکٹ دینے کا حتمی فیصلہ کر رکھا ہے۔اس حلقہ کی انتخابی صورتحال بہت زیادہ دلچسپ ہے بہت سارے امیدوارمیدان میں موجود ہیں جن میں سابق صوبائی وزیر چوہدری اجمل چیمہ کا نام سرفہرست ہے۔این اے 96جڑانوالہ میں سابق ایم این اے ملک نواب شیر وسیر کے ساتھ ساتھ بلال بدر چوہدری بھی ن لیگ کے ٹکٹ کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔تاہم اس حلقہ میں ملک نواب شیر وسیر کو مسلم لیگ ن کا پارٹی ٹکٹ قوی ملنے کا امکان ہے۔این اے 104میں راجہ ریاض احمد کے ساتھ ساتھ ان کے صاحبزادے بیرسٹر راجہ دانیال اور سابق ایم این اے رانا افضل خاں مرحوم کے صاحبزادے رانا احسان افضل ‘مہر عبدالرئوف بھی شیر کے انتخابی نشان کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں