فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ ڈائیوو روڈ سیم نالہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ غلام محمد آباد کے علاقہ ڈائیوو روڈ کا رہائشی 24سالہ سرمت حفیظ خان ولد عبدالرحیم خان گھر کے باہر کھڑا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے بری طرح زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتول کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔




