FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے جھنگ روڈ پر گلفشاں کالونی کی بعض گلیوں میں پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلفشاں کالونی میں تجاوزات کی صورتحال کو چیک کیا تو گلیوں میں بعض گھروں کے باہر تجاوزات کرتے ہوئے پختہ ریمپس تعمیر کئے ہوئے تھے جس کے باعث ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا تھا جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے ان ریمپس کو مسمار کر دیا اور وہاں کے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ گلیوں میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر باز نہ انے پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرائے جائیں گے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم تسلسل کے ساتھ جاری ہے لہذا عارضی اور پختہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کیا جائے جن میں ملوث افراد کو بھاری جرمانوں اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں