چار ممالک کے سفیروں کی صدر کو اسناد پیش

اسلام آباد(بیورو چیف)پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چار ممالک کے سفیروں نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جن سفیروں نے اسناد سفارت پیش کیں ان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان، جمہوریہ لبنان کے سفیر عبدالعزیز عیسیٰ، نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ اور نیوزی لینڈ کے نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن (جو کولمبو میں مقیم ہیں) شامل تھے۔ ایوان صدر آمد پر معزز سفیروں کو پاکستانی مسلح افواج کے ایک نہایت چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔نئے سفیروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تقرریاں پاکستان کے ان کے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ صدر مملکت نے کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام سے عوام کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو سراہا۔لبنان کے سفیر سے اپنی بات چیت میں صدر مملکت نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا اور اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی۔ انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور دوطرفہ تجارت، سکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔نیدرلینڈز کے سفیر سے اپنی ملاقات کے دوران صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پانی کے انتظام، موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں نیدرلینڈز کے ساتھ شراکت داری کو سراہا اور پاکستان میں ہالینڈ کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کی پیشکش کی۔نیوزی لینڈ کے نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر کے ساتھ اپنی بات چیت میں صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان کامن ویلتھ کی مشترکہ وراثت اور جمہوری اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زراعت، لائیو سٹاک، ماہی گیری اور صاف توانائی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی کثیرالجہتی اقدامات کے لئے نیوزی لینڈ کی حمایت کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے چاروں سفیروں کیلئے کامیاب اور ثمر آور مدت ملازمت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں باہمی فائدے کے لیے مضبوط دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکت داریوں کا باعث بنیں گی۔اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر ندیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں