سرگودھا ‘انسداد پولیو مہم اختتام پذیر

سرگودہا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت قومی انسداد پولیو مہم کے اختتامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں مہم کی مجموعی کارکردگی اور حاصل کردہ اہداف کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔چار روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 6 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جو مقررہ 7 لاکھ 9 ہزار کے ہدف کا تقریباً 97 فیصد ہے۔ ضلع کی تمام تحصیلوں نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف کے قریب ترین نتائج حاصل کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر پولیو ٹیموں، محکمہ صحت و دیگر اداروں کے افسران، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سائرہ صفدر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، سی ای او ایجوکیشن کلثوم شاہ سول سوسائٹی، این جی اوز اور رضاکاروں کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی دن رات محنت اور عوام کے بھرپور تعاون سے ضلع سرگودہا نے یہ قومی ذمہ داری کامیابی سے پوری کی ہے۔ والدین اور شہریوں کے تعاون سے مہم انتہائی کامیاب رہی اور تمام چار یو سیز کے سروے بھی کامیابی سے پاس ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان و استاتذہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مہم کے دوران اسکولوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسی جذبے کے ساتھ آئندہ بھی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں