سرگودھا روڈ کے اطراف روڈ سائیڈ ڈرین لائنز کی ڈی سلٹنگ صفائی کا پلان مرتب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سرگودھا روڈ سے ملحقہ علاقوں کے سیوریج سسٹم کو سٹریم لائن کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے لئے واسا سٹاف اور صنعتی یونٹس کے نمائندگان مشترکہ طور پر سرگودھا روڈ کا جامع سروے کریں گے۔ سرگودھا روڈ کے صنعتی یونٹس کے انتظامی نمائندوں کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ سرگودھا روڈ کے اطراف روڈ سائیڈ ڈرین لائنز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کا پلان تشکیل دیا گیا تاکہ ملحقہ علاقوں کے سیوریج مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا روڈ کو تین حصوں میں تقسیم کر کے سروے کیا جائے گا جس کے تحت پہلے مرحلے میں سوئی گیس دفاتر سے لیکر باوا چک ، دوسرے مرحلے میں باوا چک سے نلکہ کوہالہ تک جبکہ تیسرے مرحلے میں نلکہ کوہالہ سے موٹر وے تک سروے کروایا جائے گا تاکہ مسائل کی نشاندہی کی جا سکے اور ایک جامع پلان کے تحت روڈ سائیڈ ڈرینز لائن کی ڈی سلٹنگ مکمل کی جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ روڈ سائیڈ ڈرین کی سلیب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے تو اسے مرمت کیا جائے گا ، مین ہولز مسنگ ہیں تو انہیں فوری طور پر کور کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران سرگودھا روڈ پر قائم صنعتی یونٹس کا شٹ ڈائون ہونا لازمی ہے جس پر صنعتی یونٹس کے نمائندوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز محمد مقبول سنپال ، ڈائریکٹر آپریشنز ویسٹ مخدوم بابر ، ڈائریکٹر ڈرینج عثمان لطیف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں