نیاباب رقم،پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سٹیلائٹ خلاء میں روانہ

کراچی(بیوروچیف) پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ ایس ون چین سے خلامیں روانہ کردیا گیا ہے اور سپارکو کے دفتر میں سیٹلائٹ کی روانگی کے مناظر دکھائے گئے۔ ترجمان اسپارکو کا بتانا ہے کہ پاکستان کا یہ مشن قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کا ایک اہم سنگِ میل ہے اور ایچ ایس ون انفراسٹرکچر میپنگ اور شہری منصوبہ بندی کے لیے نئی راہیں کھولے گا جب کہ ایچ ایس ون سے سیٹلائٹ سے زرعی منصوبہ بندی اور ماحولیاتی نگرانی میں انقلاب کی توقع ہے۔ترجمان اسپارکو کے مطابق ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ سیلاب، لینڈسلائیڈز اوردیگرقدرتی آفات کی پیشگوئی میں مدددیگا اور یہ سیٹلائٹ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ارضیاتی خطرات کی بروقت نگرانی میں معاون ثابت ہوگا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ سیٹلائٹ آج ہی اپنے مخصوص مدار میں داخل ہوجائے گا، سیٹلایٹ کی اپنے مدار میں ٹیسٹنگ کو دو ماہ لگ سکتے ہیں، دو ماہ بعد ایچ ایس ون سیٹلائٹ مکمل فعال ہوجائے گا۔ ترجمان کے مطابق رواں سال خلا میں بھیجا جانے والا یہ پاکستان کا تیسرا سیٹلائٹ ہے، اس سے قبل ای او ون اور کے ایس ون سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیجے جا چکے ہیں اور دونوں سیٹلائٹس اس وقت خلا میں مکمل طور پر فعال ہیں۔ ترجمان اسپارکو کے مطابق پاکستان کا خلائی پروگرام جدید ٹیکنالوجی اور ایپلی کیشنز کے نئے دور میں داخل ہورہاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں