تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے،وفاقی وزیر جنید انوار

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے بحری امور چوہدری جنید انوار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 32ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، جن میں17 نئی اور15جاری سکیمیں شامل ہیں۔ترقیاتی منصوبے میں بلڈنگ، روڈز، انڈسٹری، واٹر سپلائی، سپیشل ایجوکیشن، سپورٹس، ریسکیو 1122، سوشل ویلفیئر اور شہر بیوٹیفیکیشن کے شعبوں شامل ہیں۔سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت 24.9 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی پر کام جاری ہے، جبکہ اربن سیوریج سکیم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو دیرپا ریلیف اور صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔اجلاس میں ایم 3 سے ایم 4 موٹر وے انٹرچینج تک ڈبل روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی نمائندگان، ایس پی انویسٹی گیشن فضل عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایکسیئن بلڈنگ، ہائی وے، پبلک ہیلتھ، سی ای او تعلیم و صحت سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر چوہدری جنید انوار نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں