فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جامعہ قادریہ رضویہ فیصل آباد کے زیرِ انتظام فلاحی ادارہ ایمز انٹرنیشنل کی جانب سے چیئرمین صاحبزادہ ضیاء المصطفیٰ نوری کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے وسیع پیمانے پر فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایمز انٹرنیشنل کی ٹیم نے جوانہ بنگلہ، منگوانہ، احمد پور سیال، جلال پور پیر والا ، حاصل والا اور دیگر قریبی علاقوں میں جا کر پکا پکایا کھانا، پانی کی بوتلیں، راشن بیگ، کپڑے اور ضروریاتِ زندگی کی اشیا تقسیم کیں۔ شدید گرمی اور مشکلات کے باوجود ٹیم کے اراکین خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر عوام کی مدد میں مصروف ہیں۔اس موقع پر چیئرمین صاحبزادہ ضیاء المصطفیٰ نوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمز انٹرنیشنل، جامعہ قادریہ رضویہ فیصل آباد کی سرپرستی میں انسانی خدمت کو اپنا مشن سمجھتی ہے۔ ہم مصیبت کی ہر گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مستحق اور متاثرہ بھائیوں تک امداد پہنچانا ہمارا فرض ہے، اور یہ سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ان کے ہمراہ محمد نوید بٹ’ سیف اللہ چاچڑھ اور ایمز انٹرنیشنل کی پوری ٹیم بھی مختلف مقامات پر سرگرم عمل ہے جو مقامی آبادیوں تک امدادی سامان پہنچانے میں دن رات کوشاں ہیں۔علاقہ مکینوں نے ایمز انٹرنیشنل کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ادارے کی جانب سے فراہم کی گئی امداد سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایمز انٹرنیشنل اس وقت جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع میں فلاحی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے اس مشن کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔




