عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نوازکا ویژن ہے ،صوبائی وزیر بلال یٰسین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صاف پینے کی فراہمی کے لئے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام 30ملین گیلن ڈیلی کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ شروع ہو چکا ہے جس کی تکمیل پر 6لاکھ سے زائد آبادی کو صاف پینے کا پانی فراہم ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مکوانہ جڑانوالہ روڈ پر فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو سائٹ کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید، مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد سہیل قادر چیمہ، مینجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد، پراجیکٹ ڈائریکٹر فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو ثاقب رضا، وائس چیئرمین واسا لاہور چوہدری شہزاد احمد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید شاہ، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورایہ و دیگر بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے پراجیکٹ کے حوالے سے صوبائی وزیر بلال یاسین کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے پراجیکٹ کے تعمیراتی مراحل بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ عوام کو صاف پینے کا پانی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنا ہے جس کے لئے ایک جامع پلان پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کے زیر انتظام فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی اور پنجاب حکومت کے تعاون سے 22 ارب روپے کی لاگت سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پر کام شروع ہو چکا ہے جس کی تکمیل پر 30 ملین گیلن ڈیلی واسا فیصل آباد کے سسٹم میں شامل ہو گا جس کے بعد فیصل آباد میں پینے کے پانی کی فراہمی میں تیس فیصد تک اضافہ ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ ہے اور فیصل آباد کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی اور یہ سب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام چینی انجینئرز اور ماہرین کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے اور گزشتہ تین ماہ کے دوران ہونے والا تعمیراتی کام تسلی بخش ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے جائیکا پراجیکٹ جھال خانوآنہ کا وزٹ بھی کیا اور اس پراجیکٹ بارے بریفنگ لی اور اس کے آپریشنز کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید نے کہا ہے کہ واسا فیصل آباد کے زیر انتظام واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ایک میگا پراجیکٹ ہے جو عوامی فلاح بہبود کا انقلابی پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے دیہی آبادیوں کو صاف پینے کا پانی فراہم ہو گا۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے میگا پراجیکٹس پر کام کررہا ہے اور ابھی چند ماہ قبل 5 ملین گیلن روزانہ کا جائیکا پراجیکٹ آپریشنل ہوا ہے جس کے بعد اب 30 ملین گیلن ڈیلی پینے کے پانی کی فراہمی کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے اور اس پراجیکٹ کو مقررہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل کیا جائے گا جس کے بعد اس پلانٹ سے 6 لاکھ کے قریب عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم ہو سکے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے کہا کہ پراجیکٹ کا تعمیراتی کام مئی جون میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک تعمیراتی کام کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے اور توقع ہے پراجیکٹ کا تعمیراتی کام اپنے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں