FDAکانادہندگان کے خلاف شکنجہ مزید سخت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ریکوری مہم کو مزید تیز کرکے واجبات کے نادھندگان کے خلاف شکنجہ سخت کر دیا گیا ہے، بقایاجات فی الفور جمع نہ کرانیوالے نادھندگان کی جائیدادوں کو سربمہر اور ناجائز تعمیرات کومسمار کر دیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سو فیصد ریکوری کے لئے سخت ترین ہدایات جاری کرکے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو ریکوری مہم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی تاکید ہے۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف مدات میں بقایاجات کی ریکوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود، ڈائریکٹرز فنانس فیصل بٹ، حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس عدنان شہزاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر اور دیگر افسران موجود تھے۔ اے ڈی جی نے سست رفتار ریکوری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بقایاجات کی وصولی میں کوئی کوتاہی یا عدم توجہی قطا برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریکوری ٹارگٹس کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیاجائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ یا دشواری کے بارے میں انہیں فوری آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار اہداف میں ناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے فیلڈ سٹاف کی سخت ترین باز پرس ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں