تجاوزات اور مویشی باڑوں کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار کارکرد گی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد اور ایک ہفتے کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کمشنر کی ہدایت پر ڈیری روڈ سے 14 دودھ کے نمونے لیے گئے جن میں سے سات سیمپل فیل پائے گئے ۔ متعلقہ افراد کو بھاری جرمانے اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مٹھائی کی دکانوں، شادی ہالوں کے کچن اور انٹرچینج سیال موڑ و بھیرہ پر واقع دکانوں کی بھی فوری چیکنگ کی جائے۔ کمشنر نے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر شہر میں شجرکاری کی رفتار تیز کریں۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 13 مختلف مقامات پر الیکٹرک بسوں کے اسٹاپ تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے پہلا اسٹاپ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سامنے قائم کیا جا رہا ہے۔کمشنر سرگودہا نے الیکٹرک بسوں کو نقصان پہنچانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ داران کا تعین کر کے فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ غریب عوام کی سواری اور سرکار کی ملکیت ہے، اس کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایکسین ہائی وے نے بتایا کہ سٹی بیوٹیفکیشن پلان کے تحت کچہری بازار، سٹی روڈ پر کام کا ورک آڈر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کی مختلف سڑکوں پر پیچ ورک بھی کیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن اور ہائی وے ڈیپارٹمنٹ مل کر تمام اہم شاہراہوں پر پیچ ورک مکمل کریں۔ سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی نے بتایا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دوسری شفٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت واضح بہتری آئے گی۔ ناقص کارکردگی پر کنٹریکٹرز، سپروائزرز اور ملازمین کے خلاف کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ ایم ڈی واسا نے اجلاس کو بتایا کہ شہر کے ڈسپوزل اسٹیشنز و لائینز کی ڈی سیلٹنگ اور بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ ڈیسپاک انجینئرز 14 ارب روپے مالیت کے سیوریج سسٹم منصوبے کے ڈیزائن کو رواں ہفتے مکمل کریں گے۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف ایک ہفتے میں کیے گئے آپریشن کی رپورٹ بیی پیش کی گئی۔ مویشیوں کے انخلاء و آپریشن کی تفصیلات بارے بتایا گیا گیا کہ شہر میں 216 باڑوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 67 کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ باقی کے خاتمے کے لیے پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے۔ اب تک 2765 جانور شہر سے باہر منتقل کیے جا چکے ہیں، 6 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانے اور 13 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات اور مویشی باڑوں کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڑھی بازاروں کو فعال کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک اور کاروباری سرگرمیوں میں توازن پیدا ہو۔ انہوں نے مختلف فلائی اوورز کے نیچے دیواروں اور پلرز پر لگے پوسٹرز اور بینرز فوری ہٹانے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، سی ای او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، سی او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ہائی ویز، ہاؤسنگ سمیت دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں