رانا اظہر وسیم،مرتضیٰ الیکشن سے آؤٹ،میاں طاہر جمیل کیلئے میدان کھلا

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)واسااور ایف ڈی اے کے 7کروڑ روپے سے زائد کے ڈیفالٹر ہونے پر رانا اظہر وسیم اور رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ حلقہ پی پی 115کے ضمنی الیکشن سے آئوٹ ہو گئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار میاں طاہر جمیل کو میدان کھلا مل گیا۔اب ان کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں۔ذرائع کے مطابق رانا اظہروسیم اور ان کے بھائی رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ نے ماڈرن سمارٹ سٹی اور احمد دین ویلی کے ہائوسنگ پراجیکٹ بنائے۔دونوں بھائی ان پراجیکٹس کے 7کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں۔متعدد بار متعلقہ محکموں کی طرف سے نوٹسز جاری ہونے کے باوجود انہوں نے یہ واجبات جمع نہیں کروائے اور انہوںنے ان ہائوسنگ پراجیکٹس میں مبینہ طورپر غیر قانونی طور پر پلاٹس فروخت کئے۔ اس بناء پر حلقہ پی پی 115کے ریٹرننگ آفیسر نے رانا اظہر وسیم اور رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے ۔ جس کے بعد رانا مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ نے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہیں وہاں سے الیکشن لڑنے کی اجازت ملتی ہے یا نہیں اس بابت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔یہاں پر یہ بھی امر قابل ذکر ہے کہ رانا اظہر وسیم نے ا پیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کے تیسرے بھائی رانا شفقت رسول کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل کو حلقہ پی پی 115کا پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے اب وہ انتخابی شیر کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔لیگی حلقوں کا کہنا ہے کہ میاں طاہر جمیل کی کامیابی 100فیصد یقینی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں