اسموگ کی روک تھام کیلئے جارحانہ مہم چلائی جائے،صوبائی وزیر بلال یاسین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ بلال یاسین نے سموگ کی روک تھام کیلئے جارحانہ مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے جبکہ تاکید کی ہے کہ روڈ سائیڈ ڈرین کی ڈی سلٹنگ کے ساتھ پلانٹیشن بھی کی جائے جس کے لئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے واساز ا ور پی ایچ ایز مشترکہ طور پر جامع پلان پر عمل درآمد کریں گی۔ یہ ہدایات انہوں نے واسا ہیڈ آفس میں پنجاب بھر کی واساز کے مینجنگ ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید ، مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد سہیل قادر چیمہ ، مینجنگ ڈائریکٹر واسا لاہورغفران احمد کے علاوہ دیگر واساز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر انسداد سموگ مہم شروع کی جارہی ہے تاکہ صوبہ بھر میں ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہوئے سموگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے اسی طرح محکمہ تحفظ ماحول ، واساز اور پی ایچ ایز مشترکہ طور پر جامع اقدامات کریں تاکہ سموگ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر پانی کا چھڑکائو یقینی بنایا جائے تاکہ گردو غبار کا خاتمہ کیا جا سکے اسی طرح محکمہ تحفظ ماحولیات کے ساتھ رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے اورمشترکہ اقدامات کرتے ہوئے انسداد سموگ مہم کو نتیجہ خیز بنایا جائے ۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ آئندہ مون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے روڈ سائیڈ ڈرین لائنز کی ڈی سلٹنگ لازمی کروائی جائے جبکہ ڈی سلٹنگ کے بعد ان روڈ سائیڈ ڈرینز پر پودے لگائے جائیں جس کے لئے پی ایچ ایز کے اعلی افسران کو ہدایت کردی گئی کہ وہ پنجاب بھر میں پی ایچ ایز اور واساز کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنے بارے آگاہ کریں۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے تمام اضلاع کے ایم ڈی واساز سے ان کی اب تک کی کارکردگی بارے بریفنگ لی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدیات کی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید کو تمام سرگرمیوں کا تصاویری ثبوت کا ریکارڈ مرتب کرکے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے مسنگ مین ہول کورز کے معاملے پر متعلقہ اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو آن بورڈ لینے کی بھی ہدایت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں