ساہیوال ‘غیر قانونی LPG فلنگ پوائنٹس کیخلاف کارروائیاں

ساہیوال (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس آفس کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی فلنگ پوائنٹس اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقامات کو سیل کر دیا ۔ کارروائی کی نگرانی ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس عدنان قیصر نے کی۔سول ڈیفنس ٹیم نے ہڑپہ روڈ پر مراد کے کاٹھیا کے مقام پر سردار پٹرولیم سروس جبکہ نورشاہ روڈ پر اللہ شہنشاہ فلنگ اسٹیشن، سیال فلنگ اسٹیشن اور عبداللہ فلنگ اسٹیشن کو فارم “کے” کی غیر موجودگی پر سیل کر دیا۔مزید کارروائی کے دوران نورشاہ، اڈا چکی مظفر شاہ، جوہر ٹان اور پاکپتن چوک کے علاقوں میں ایل پی جی کی غیر قانونی ڈی کنٹنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ڈی کنٹنگ کا سامان سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس عدنان قیصر نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی اور پٹرول کی فروخت نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے سول ڈیفنس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں