FDAسٹی سپورٹس کمپلیکس کی ڈیجیٹائزیشن کا منصوبہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی امور کی ڈیجٹائز یشن کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک میٹنگ کے دوران بتائی جس میں سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی و دفتری امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے معاملات کا جائزہ لیاگیا تاکہ سپورٹس کمپلیکس کی انتظامیہ سمیت ممبرز کو آن لائن سروسز کی سہولیات میسر آ سکیں۔ میٹنگ میں سینئر پروگرام مینجر (آپریشن ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اسامہ زبیر نے ڈیجیٹائزیشن سسٹم کی ترتیب کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی یاسراعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی عبداللہ نور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس محمد بلال، سینئر اکائونٹنٹ عمران ریاض و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس ایک سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے جس میں ممبرز کی بڑی تعداد ان ڈور گیمز ودیگرتفریحی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں جنہیں تیزرفتار سروسز کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامی امور کی ڈیجیٹائزیشن ناگزیر ہے اس مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ایسی ویب سائٹ تیار کی جائے جس میں انتظامیہ سمیت تمام ممبرز کو مکمل رسائی حاصل ہو تاکہ وہ اپنی تجاویز یا شکایات سے فوری آگاہ کر سکیں۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹائزیشن کے منصوبے کے نفاذ کے بعد ممبر شپ کے لئے درخواستیں، تمام فیسیں اور واجبات آن لائن وصول کئے جائیں جبکہ عام شہریوں سمیت ممبرز کو سپورٹس کمپلیکس کے بارے میں تمام ضروری معلومات /گائیڈ الاٹیز بھی آن لائن دستیاب ہوں گی۔ اس طرح سکیورٹی سسٹم کو بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید منظم و متحرک کرنے کے علاوہ تمام تر مشینری ، ساز و سامان اور اثاثہ جات کو بھی اس سسٹم بھی لایاجائیگا ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سٹاف اور ممبرز کی انٹری کے لئے بائیو میٹرک سسٹم نصب ہوگا اور کھیلوں کے شیڈول سمیت آئندہ پروگرامز کی معلومات ودیگر سروسز کی تیز رفتار فراہمی کی یقینی بنایا جا سکے گا۔ بعد ازاں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سینئر پروگرام مینجر (آ پریشن) اسامہ زبیر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور ڈیجیٹائزیشن کے لئے درکار تقاضوں کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں