دی یونیورسٹی آف فیصل آباد فلسطین کے متاثرہ بھائیوں کیساتھ،صحت تعلیم کے شعبوں میں معاونت کیلئے تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دی یونیورسٹی فیصل آباد کا غزہ اور فلسطین کے متاثرہ بھائیوں کیساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھر پور معاو نت کا عزم۔ یونیورسٹی انتظامیہ فلسطین اور غزہ کے جنگ سے متاثرہ بھائیوں کی مدد کی بحالی کیلئے ٹیلی میڈیسن ، ڈیجیٹل لائبریری ، آن لائن ایجو کیشن اور ریسرچ کے شعبوں میں بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے فلسطین و غزہ کی مختلف یونیورسٹیوں کے ڈیننز و پروفیسرز پر مشتمل وفد کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وفد کے ممبران میں الاقصی یونیورسٹی غزہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ایمن محمود صوبحہ،یونیورسٹی آف فلسطین کے صدر سالم اے صباح، اسلامک یونیورسٹی غزہ کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افئیرز پروفیسر درویش ایم ڈی، غزہ یونیورسٹی کے ڈین سٹوڈنٹ افئیرز ابراہیم ابو رحمان ، الاسرا یونیورسٹی فلسطین کی ڈین سانٹیفک ریسرچ پروفیسر مونیا خلیل مزائید، الازہر یونیورسٹی غزہ کی ڈین اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز ڈاکٹر نوحہ اے نجیم اور کامسٹیک کے کوراڈنیٹیر مرتضی نور شامل تھے۔ مہمان وفد نے یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین، رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول ، پرنسپل یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ملک و دیگر شعبوں کے ہیڈز کے ساتھ میٹنگ کے دوران جنگ کے نتیجہ میں فلسطین و غزہ کی ابتر صورت حال اور وہاں جاری بحران کے دوران فلسطینی تعلیمی و طبی اداروں کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز محمد حیدر امین نے دی یونیورسٹی فیصل آباد ، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فلسطینی بھائیوں کی صحت و تعلیم کے شعبوں میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ جس پر وفد کے ممبران نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد ازاں فلسطینی وفد نے یونیورسٹی کے سلیم آڈیٹوریم میں فیکلٹی ممبران وطالبات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر دی یونیورسٹی فیصل آباد میں تعلیم حاصل کرنے والے فلسطینی طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔ مہمان و فد نے یونیورسٹی سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کو دورہ کیا اور وہاں جدید ترین طبی سہولتوں کی مفت فراہمی پر ہسپتال مینجمنٹ کی خدمات کو بیحدسراہا ۔مہمانوں نے یونیورسٹی لان میں یادگاری پودے بھی لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں