ضلعی ترقیاتی کمیٹی سرگودھا کا اجلاس،22اسکیموں کی منظوری دیدی گئی

سرگودہا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین ،فیسکو، ہائی ویز، انہار اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلا س میں کچہری روڈ ڈی پی او چوک سے یونیورسٹی روڈ تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کی منظور ی دی گئی۔ اسی طرح 22 دیہی آبادیوں میں بجلی کی فراہمی کے لیے فیسکو کی 5 کروڑ روپے کی سکیموں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے انہار افسران کو ہدایت کی کہ وہ دریائے چنا ب کے کنارے کوٹ مومن کے ساتھ 45 کلومیٹر بند کا ازسرنو سروے کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی بند کی مرمت یا مضبوطی درکار ہے وہاں تفصیلی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے تاکہ حکومتِ پنجاب سے بروقت فنڈز کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ملحقہ آبادیوں اور زرعی زمینوں کو مستقبل میں ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح سے جڑے ہیں، اس لیے کام کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محکمے سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں