زراعت کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ایک روزہ زرعی میلہ کا انعقاد کیا جس میں جدید زرعی آلات، زرعی و لائیو اسٹاک ٹیکنالوجیز اور اسمارٹ فارمنگ کے ساز و سامان کی نمائش کی گئی اور دیہی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ ایگری ٹورازم کلب سینئر ٹیچر آفس کے زیر اہتمام میلے کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کو ہماری ثقافت اور دیہی و زرعی ترقی کا امین تصور کیا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں تک پہنچانے کے لئے یہ جامعہ ہر سال کسان میلے کا انعقاد کرتی ہے تاکہ جدید رحجانات کو فروغ دے کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی تربیت یافتہ افرادی قوت، تحقیقی امور، آؤٹ ریچ اور اکیڈمیا انڈسٹری روابط کو بروئے کار لاتے ہوئے کاشتکاروں اور زراعت کو حقیقی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹی کمیشن کرنل (ریٹائرڈ) شہزاد عامر، چیف ٹیکنالوجی آفیسر ناصر جاوید، ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈین اینیمل ہسبینڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈین سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر وقاص وکیل، ڈین ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر شاہد محمود، ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر عمران پاشا، ڈین آرٹ اینڈ ہیومینیٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان، ڈاکٹر ریاض ورک، ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر عبد الناصر، ڈاکٹر آصف کامران، ڈاکٹر بابر شہباز، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر عمیر گل اور دیگر اس میلے میں شرکت کی۔ کرنل (ر) شہزاد عامر نے میلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمیا، صنعت، کسان برادری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں