حکومت کا بلا سود قرضوں کی فراہمی اچھا اقدام ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی طرف سے چھوٹے اور درمیانے کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان کاروبار سکیم کے کامیاب پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں بلا سود قرضے دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کے فیصلے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس سے پنجاب اور خاص طور پر فیصل آباد کے صنعتکاروں کیلئے نئی ، جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے برآمدات بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وہ آج پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام آسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے کے بارے میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں بینک آف پنجاب، فیصل آباد چیمبر کے ممبران اور نیا کاروبار شروع کرنے کے خواہاں افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے پاکستان درست سمت کی طرف جا رہا ہے اور حکومت بھی اس سلسلہ میں سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ فیصل آباد چیمبر ہر اچھے کام میں حکومت اور حکومتی اداروں سے تعاون کرے گا تاہم انہیں بھی پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر چھوٹے ادارے اپنے کاروبار کو دستاویزی شکل نہیں دیتے جس کی وجہ سے انہیں سستے یا بلا سود قرضوں جیسی سکیموں سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پر کام کریں گے تاکہ چھوٹے اداروں کو بھی قرض حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ اس سے قبل پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹر پلاننگ، ایویلیو ایشن اور نیو انیشیٹو خواجہ عمران نے آسان کاروبار سکیم کے بارے میں بتایا اور کہا کہ فروری 2025ء میں اِس کا پہلامرحلہ شروع کیا گیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں