فیصل آباد کے شہریوں پر آوارہ خونخوار کتوں کے حملے بڑھ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں آوارہ کتوں اور خونخوار کتوں کے شہریوں پر حملے بڑھ گئے، خونخوار کتوں کا نشانہ بن کر متعدد شہری ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے’ نشاط آباد کے علاقہ 26ج ب میں آوارہ کتوں نے 50سالہ شخص سمیت 2کم سن بچوں کو کاٹ کر لہولہان کر دیا، محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے عملہ نے آوارہ کتوں کی تلفی مہم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق شہر بھر کے پوش علاقوں’ پارکوں’ گلی’ محلوں اور عام شاہراہوں پر آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں گھومتے نظر آتے ہیں اور موقع ملتے ہی شہریوں کو کاٹ کر بری طرح زخمی کر دیتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی نشاط آباد کے علاقہ 26 ج ب میں آوارہ اور خونخوار کتوں نے 50سالہ نواز کے ہاتھ’ 5سالہ عبدالرحمن کے چہرے اور 3سالہ موسیٰ پر حملہ کر کے بری طرح زخمی کر دیا جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو چکی ہے جبکہ گلی’ محلوں میں گھومنے والے آوارہ اور خونخوار کتے علی الصبح نماز فجر کی ادائیگی کیلئے جانیوالے نمازیوں کو کاٹنے سے بھی گریز نہیں کرتے جبکہ سیر وتفریح کیلئے پارکوں میں جانے والے مرد وخواتین اور بچوں کا جانا دوبھر ہو چکا ہے اور شہریوں کا گھروں سے نکلنا بھی محال ہو چکا ہے۔ شہر بھر میں آوارہ خونخوار کتوں کے کاٹنے سے روزانہ متعدد خواتین’ بچے’ بوڑھے اور نوجوان ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ جبکہ محکمہ صحت اور میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں آوارہ خونخوار کتوں کی تلفی مہم جلدازجلد شروع کی جائے تاکہ شہری آوارہ خونخوار کتوں سے محفوظ رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں