پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹوبہ میں کارروائیاں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر مشتاق کی قیادت میں مختلف علاقوں میں 121 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران 9 یونٹس کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے جبکہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ایک یونٹ کو اصلاح تک سیل کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ڈیڑھ من سے زائد ایکسپائر اشیا، استعمال شدہ آئل اور دودھ تلف کیا گیا۔ متعدد فوڈ پوائنٹس پر پروسیسنگ ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار، بدبودار مکسنگ ایریا اور ٹوٹے فرش پر گندے پانی کی موجودگی پائی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ کئی یونٹس میں ٹیسٹنگ ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز موجود نہیں تھے جبکہ مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی اشیا کے 18 سیمپل بھی تجزیے کے لیے حاصل کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دودھ، گوشت اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کے خلاف کریک ڈائون بھرپور انداز میں جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیمیں ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کے لیے ہمہ وقت فیلڈ میں سرگرم ہیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دودھ کے استعمال سے قبل مفت ٹیسٹ کروائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں