وزیراعظم کا روشن معیشت بجلی پیکج تاریخی اور انقلابی اقدام قرار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر )صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ اورچئیرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) ملک بائو محمد اکرم اور دیگر صنعتی و زرعی تنظیموں نے وزیرِاعظم پاکستان کے ”روشن معیشت بجلی پیکج” کا پُرخلوص خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کی جانب ایک تاریخی اور انقلابی قدم قرار دیا ہے۔انھوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صنعتی و زرعی صارفین کیلئے تین سال تک اضافی بجلی 22.98 روپے فی یونٹ کے رعایتی ٹیرف پر فراہم کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند قراردیااور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ملکی صنعت و زراعت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرے گا بلکہ برآمدات کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے اور معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں توانائی کی لاگت صنعتوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکی تھی۔ اس رعایتی پیکج سے نہ صرف پیداواری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ صنعتی یونٹس کو پیداواری صلاحیت بڑھانے اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انھوں نے اس فیصلے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کی صنعت و زراعت دوست پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس پیکج کے نفاذ اور مانیٹرنگ کے لیے ایک جامع میکانزم تیار کرے گی تاکہ تمام صنعتی و زرعی صارفین اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں