حسینیہ چوک اتحاد مل روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،پیدل گزرنا بھی محال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری روڈ تا پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک ،فیض بٹالوی (اتحاد مل) روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ رہی سہی کسر ملوں’ فیکٹریوں کے کیمیکل زدہ پانی نے پوری کر دی’ شہریوں کا گزرنا محال جبکہ ٹریفک بلاک رہنا روزمرہ کا معمول اور لڑائی جھگڑے میں اضافہ ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق جھال خانوآنہ پل کی تعمیر ومرمت کے باعث سمندری روڈ کی طرف جانے والی ٹریفک بند ہونے سے سمندری روڈ پر فیض بٹالوی روڈ پر گاڑیوں کا رش بڑھ گیا۔ سمندری روڈ سے پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک تک روڈ پر گہرے گڑھے بن گئے، برساتی نالے ٹوٹنے سے نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔ آئے روز گاڑیاں پھنسنے سے ٹریفک بلاک رہنا بھی روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ گاڑیوں کے ٹکرانے سے لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی بڑھ چکے ہیں۔ جبکہ فیض بٹالوی روڈ پر ایک ٹیکسٹائل مل والوں کی طرف سے سڑک پر جلانے کیلئے لکڑیاں’ٹاکیاں، تکے اور کچرے کے ڈھیر لگا رکھے ہیں۔محکمہ واسا اور دیگر محکموں کے عملہ سے ساز باز کر کے فیکٹریوں’ ملوں اور کارخانوں کی ملی بھگت سے مذکورہ سڑک پر کیمیکل زدہ پانی چھوڑ دیا جاتا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کا گزرنا بھی محال ہو جاتا ہے اور مقبول روڈ پر فیکٹریوں’ ملوں اور کارخانوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں سے اہل علاقہ گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ محکمہ واسا اور تحفظ ماحولیات نے بھی چپ سادھ رکھی ہے۔ اہل علاقہ نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیض بٹالوی روڈ کا کم ازکم جلد پیچ ورک کروایا جائے اور تیزابی وکیمیکل زدہ پانی چھوڑنے والی ملوں’ فیکٹریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں