سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈی پی او صیہب اشرف کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر اور امن کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں قیامِ امن کے لیے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس ہفتے ضلع کی تمام بڑی خانقاہوں کے دورے کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے علمائے کرام اور امن کمیٹی پر مشتمل ایک خصوصی وفد تشکیل دیا گیا ہے جو خانقاہوں کے مشائخ سے ملاقاتیں کرے گا اور ضلعی انتظامیہ کے امن اقدامات سے آگاہ کرے گا اور انہیں حکومتی کوششوں میں شریک کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا نے کہا کہ امن کمیٹی امن کا گلدستہ ہے، جس کے ذریعے تمام مکاتبِ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ضلع میں بھائی چارے، تحمل اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام معاشرتی استحکام کے لیے رہنمائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی آراء انتظامیہ کے لیے قابلِ قدر ہیں۔ ڈی پی او صیہب اشرف نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ علمائے کرام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ تمام ادارے مشترکہ طور پر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ضلع سرگودہا میں مذہبی، سماجی اور عوامی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ ممبران امن کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام مکاتبِ فکر قیامِ امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنی خانقاہوں، مدارس اور مساجد کے ذریعے عوام میں اتفاق، رواداری اور محبت کا پیغام عام کریں گے۔ علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام ایک اجتماعی ذمہ داری ہے جس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ ہم سب کا مقصد صرف اور صرف امن کا فروغ ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور علمائے کرام ایک ہی صف میں کھڑے ہیں تاکہ سرگودہا کو مکمل طور پر پرامن ضلع بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحادِ امت اور استحکامِ پاکستان کے لیے دعا کی گئی۔




