براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان موزوں ملک قرار (اداریہ)

73فی صد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مستقبل میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو موزوں ملک قرار دیا ہے’ یہ بہتری معاشی استحکام’ مہنگائی میں نمایاں کمی’ روپے کی ویلیو میں استحکام اور بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی عکاس ہے، پاکستان میں 200 سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سب سے بڑی باڈی اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے پرسیپشن اینڈ انویسٹمنٹ سروے 2025 کے نتائج جاری کر دیئے ہیں، واضح رہے کہ او آئی سی سی آئی 2سال بعد اس سروے کا انعقاد کرتی ہے سروے نالج کے مطابق پاکستان کے کاروباری حالات اور سرمایہ کاری کے ماحول کے بارے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر محتاط مگر پُرامید نقطہ نظر کا اظہار کیا ہے سروے کے دیگر کلیدی نتائج کے مطابق سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان کی علاقائی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اور 2023ء کے سروے کے مقابلے میں اس سروے میں بنگلہ دیش’ ویتنام اور فلپائن جیسے ممالک کے مقابلے میں پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ملک ہے پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کی پرنٹ کمپنیوں نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے 2023 کے سروے کے 24 فی صد کے مقابلہ میں 35فی صد کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ہیڈ آفس پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کو ترجیحی ملک کے طور پر دیکھ رہے ہیں پرسپیشن سروے 2025 پر تبصرہ کرتے ہوئے اور آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے خیال میں قابل ذکر بہتری اس بات کی عکاسی ہے کہ معاشی استحکام اور پالیسی کو آرڈی نیشن کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں (SIFC) جیسے اقدامات نے سرمایہ کاری میں سہولت اور بین الحکومتی تعاون فراہم کرنے کیلئے ایک منظم طریقہ کار فراہم کیا ہے اس کے علاوہ مستقبل میں بھی نجی شعبے کی فعال شمولیت ٹیکسیشن اور ریگولیٹری اصلاحات کا تسلسل اس رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے کلیدی پوائنٹ ہوں گے سروے کے مطابق کاروباری رسک کے بارے میں سرمایہ کاروں کا تصور سازگار سرمایہ کاری ماحول کی طرف منتقل ہوا ہے جو بنیادی طور پر زیادہ رسک اب درمیانے درجے کے خطرے میں تبدیل ہو گیا ہے اور یہ چیز میکرواکنامک مینجمنٹ اور نسبتاً استحکام کی عکاسی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سب سے بڑی باڈی کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بارے رپورٹ خوش آئند ہے 73فی صد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو موزوں ملک قرار دینا موجودہ سیاسی وعسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے بلاشبہ (ایس آئی ایف سی) سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے منظم اور بہترین فیصلوں کی بدولت پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو جو مستقبل کے بارے میں واضح کر رہا ہے اب غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کر سکتے ہیں کسی بھی ملک کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل فخر سمجھا جاتا ہے اس لحاظ سے پاکستان خوش قسمت ملک بنتا جا رہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے یہاں پر سرمایہ کاری کو ترجیح دینے کا عندیہ دیا ہے خدا کرے ہمارے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا رہے تاکہ ہماری معیشت مستحکم ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی منزل حاصل کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں