بریسٹ کینسر ایک سنگین مگر قابل علاج بیماری ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بریسٹ کینسر آگاہی کے مہینے کے موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے اشتراک سے بریسٹ کینسر آگاہی واک اور سمپوزیم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال لودھی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عامر شوکت، پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد (ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ)، ڈاکٹر طاہر بشیر (ہیڈ آف میڈیکل آنکولوجی)، ڈاکٹر طاہر محمود باجوہ (اسسٹنٹ پروفیسر)، ڈاکٹر نادیہ بدر، ڈاکٹر ازیر سرویا اور ڈاکٹر افضال چیمہ (ڈائریکٹر ایمرجنسی) موجود تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر ایک سنگین مگر قابلِ علاج بیماری ہے، اگر بروقت تشخیص کر لی جائے تو ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ حکومتِ پنجاب عوامی سطح پر آگاہی مہمات کو مزید مثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹی کا بنیادی مقصد نہ صرف علاج بلکہ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔جبکہ ڈاکٹر طاہر بشیر نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص ہی مریضہ کی زندگی بچانے کی کنجی ہے، اس کے لیے خواتین کو خود معائنہ اور اسکریننگ کے عمل کو معمول بنانا چاہیے۔واک اور سمپوزیم میں مسٹر التمش خان، مسٹر اسحاق، مسٹر عرفان داد بٹ، مسٹر امتیاز سعید اور مسٹر ماجد سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔آخر میں شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغام کو عام کریں گے تاکہ معاشرے کی ہر خاتون محفوظ اور باشعور زندگی گزار سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں