لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم کے تحت ایک ماہ میں سب سے زیادہ قرضہ جات فراہم کرنے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق مئی سے اکتوبر تک روزانہ تعمیر ہونے والے گھروں میں588فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ روزانہ تعمیر ہونے والے گھروں کی اوسط تعداد289سے تجاوز کر گئی۔ماہ اکتوبر میں 18,041 خاندانوں کو قرضے فراہم کیے گئے اور ایک ماہ میں 9,271 گھر مکمل کیے گئے۔ پروگرام کے آغاز سے اب تک 104,816 خاندان قرضہ جات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 28,382 خاندانوں نے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کی ہے اور 68,218 گھر ابھی زیر تعمیر ہیں۔محکمہ ہائوسنگ کے مطابق پروگرام کے لیے 126 ارب روپے سے زائد رقم مستحق خاندانوں کے لیے خرچ کی جا چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک لاکھ مستفید خاندانوں کا ہدف صرف 10 ماہ میں مکمل کیا گیا اور یہ پروگرام ہر عمر کے افراد کے لیے کامیابی کی روشن مثال ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بچے، بوڑھے، نوجوان، سب پروگرام کے معترف ہیں۔




