خسرہ بچائو مہم17تا29نومبر تک جاری رہے گی

سرگودہا (بیوروچیف)محکمہ صحت و آبادی کے زیر اہتمام خسرہ اور روبیلا (ایم آر) بیماریوں سے بچائو کی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے آگاہی سیمینار آرٹس کونسل کمپلیکس پر منعقد ہوا۔ مہم 17 سے29 نومبر تک جاری رہے گی۔ سیمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد گل نے کی، جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، محکمہ صحت کے افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان، سول سوسائٹی، ریسکیو 1122، محکمہ اوقاف، محکمہ تعلیم اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ڈاکٹر شہزاد گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے معاشرتی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر بچے تک یہ سہولت پہنچ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودہا کی 167 یونین کونسلوں میں چھ لاکھ سے زائد بچوں کو 6 ماہ سے 5 سال کی عمر تک ایم آر ویکسین دی جائے گی۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے ڈاکٹر عتیق ارشد، ڈاکٹر طارق سلیم اور ڈاکٹر نازش نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایم آر ویکسین پہلے سے تسلیم شدہ اور محفوظ ہے جو بچوں کو نو ماہ اور 15 ماہ کی عمر میں دی جاتی ہے، اس لیے والدین کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ڈسٹرکٹ سرویلنس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طارق حسن نے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچائوکی یہ مہم ایک قومی فریضہ ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنا کر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ان خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔سیمینار میں شریک تمام اداروں اور شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ خسرہ و روبیلا سے بچائو کی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں