جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ ٹریفک کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے 4افراد کو آہوں سسکیوں میں ایک دوسرے کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا نماز جنازہ میں سیاسی سماجی شخصیات سمیت ہزاروں افراد کی شرکت،4 جنازے اکٹھے اٹھنے پر پورے گائوں کی فضا سوگوار ہو گئی،ایس ایس پی پٹرولنگ مرزا انجم کمال نے فرائض میں کوتاہی برتنے پر شفٹ انچارج پٹرولنگ پولیس 96 گ ب سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا، تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 354 گ ب روڈی کا رہائشی شفقت اپنی والدہ نیلم بی بی اور عزیزہ پروین بی بی،مبین بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گائوں سے سنٹرل جیل فیصل آباد میں قید محمد علی سے ملاقات کیلئے جا رہا تھا کہ تھانہ صدر کی حدود فیصل آباد روڈ پر پل جھال کے قریب پٹرول پمپ کے قریب چیمہ برادرز کی تیز رفتار بس کے ڈرائیور نے کچل ڈالا حادثہ کے نتیجہ میں ماں بیٹا سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے ٹریفک کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نماز جنازہ آبائی گائوں میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں سیاسی سماجی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی 4 اکٹھے جنازے اٹھنے پر پورے گائوں کی فضا سوگوار ہو گئی حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے چاروں افراد کو سوگواران کی موجودگی میں ایک دوسرے کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے دوسری جانب پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کو بس سمیت حراست میں لیکر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ٹریفک کے المناک حادثہ میں 4 افراد کی ہلاکت کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی پٹرولنگ فیصل آباد مرزا انجم کمال نے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے پر شفٹ انچارج پٹرولنگ چوکی 96 گ ب سمیت 4 اہلکاروں جن میں احسن اعجاز،کانسٹبیلان راحیل ریاض،کاشف علی،غلام مرتضی کو معطل کر دیا ہے اور ڈی ایس پی ڈسٹرکٹ فیصل آباد دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ٹریفک کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے ورثا نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثہ کے مرتکب بس ڈرائیور کو قرار واقعی سزا دلوا کر انصاف فراہم کیا جائے۔




