نبی کریم ۖ کے والدین کا ذکر خیر کرنا با عث سعادت ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نبی کریم ۖ کے والدین اہل ایمان اور پاکیزہ ہستیاں تھیں۔نبی کریم ۖ کے والدین کا ذکر خیر کرنا باعث سعادت ہے۔ والدین مصطفی ۖ کی عظمت شان بیان کرنا آپ ۖ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔آپ ۖ نے والدین کی اہمیت و فضیلت کو متعدد بار بیان فرمایا۔ والدین کا چہرہ محبت سے دیکھنا عبادت میں شمار ہوتا ہے اور حج مقبول کا ثواب ملتا ہے۔اسلام میں والدین کی نافرمانی کو شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ قرار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدرو ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے رسول نگر میں منعقدہ عظمت والدین مصطفی ۖ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی خدمت میں ہمارے لیے دین ودنیا کی کامیابی،سعادت اور فلاح ونجات ہے۔ اسلام دین فطرت اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ والدین سے محبت کسی ایک دن کی محتاج نہیں۔ ماں باپ کے لیے دعائے مغفرت کرناہمارے اور ان کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔والدین کی عظمت واہمیت سب سے زیادہ ہے۔ رب کائنات کی نعمتوں میں والدین ایک عظیم نعمت ہیں جن کی خدمات کے صلے میں رب کائنات دنیا وآخرت کی کامیابی مقدر کر دیتے ہیں۔ محسن کائنات ۖ نے والدین کی عزت ومرتبہ کے بارے میں واضح ارشادات فرمائے ہیں۔ وہ اولادیں جو اپنے والدین کی زندگی میں ان کی خدمت کرکے اور والدین کے دنیا سے رخصت ہونے پر انکی بلندی درجات کے لیے محافلوں کا انعقاد کرتی ہیں وہ والدین کا حق ادا کرکے دنیا وآخرت میں سرخرو رہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں