چیمبر کی جمع امداد سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائے گی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)گروپ لیڈر اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی سیلا ب زدگان کی مالی امداد کیلئے فلڈ ریلیف کمیٹی کے کنونیئر میاں جاوید اقبال نے مولانا طارق جمیل فائونڈ یشن کی رفاعی اور فلاحی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس تنظیم سمیت الخدمت ، سیلانی اور ایدھی وغیرہ پر آنکھ بند کر کے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ چیمبر کے ذریعے جمع ہونے والی امداد مولانا طارق جمیل فائونڈیشن کی تنظیم کے ذریعے متاثرہ گائوں میں تقسیم کی جائے گی۔ یہ امداد انتہائی شفافیت سے تقسیم کی جا رہی ہے جس سے متاثرین کی بحالی میں بھی مددملے گی۔ انہوں نے آج روانہ کی جانے والی امدادی کھیپ کی تقریب کے حوالے سے کہا کہ اِس کا مقصد امداد دینے والوں کے عطیات کا شکریہ ادا کرنا اور مزید لوگوں کو امداد دینے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں مولانا طارق جمیل کے صاحبزادہ مولانا یوسف جمیل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مولانا یوسف جمیل نے کہاکہ تاجروں کی وجہ سے پاکستان خیرات کرانے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے ۔ انہوں نے مولانا طارق جمیل فائونڈیشن کا مختصر تعارف پیش کیا اور بتایا کہ یہ فائونڈیشن اندرون ملک رفاعی کاموں کے ساتھ ساتھ ترکی اور مراکش کیلئے بھی امداد ی ٹیمیں بھیج چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دس ستمبر سے 4 ا کتوبر تک جلال پور پیر والا کے علاقوں سے ایک لاکھ 20ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 60ہزار افراد کو کھانا اور طبی سہولتیں بھی مہیا کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں