فیصل آباد (سپورٹس نیوز) پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں 15,000رنز مکمل کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے یہ کارنامہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں انجام دیا، جب انہوں نے بیون فورٹن کی گیند پر ایک رن لیا اور اپنا 23واں رن مکمل کیا۔ اس سنگل رن کے ساتھ بابر اعظم مجموعی طور پر 370اننگز کھیل کر بین الاقوامی کرکٹ میں 15,000رنز کے ریکارڈ میں شامل ہو گئے۔اس کے ساتھ ہی 31سالہ بابر اعظم صرف پانچویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے جنہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ وہ انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف اور جاوید میانداد کے شانہ بشانہ اس فہرست میں شامل ہو گئے۔پاکستان کے سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز بنانے والے بیٹسمین انضمام الحق 20,541رنز، 547اننگز’ یونس خان 17,790رنز، 491اننگز’ محمد یوسف 17,134رنز، 426اننگز’ جاوید میانداد 16,213رنز، 407اننگز’ بابر اعظم 15,004رنز، 370اننگز’ بابر اعظم اس میچ میں اچھی شروعات کے باوجود بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر سکے اور 32گیندوں پر 27رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4ہزار 366، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 4ہزار 302اور ون ڈے کرکٹ میں 6ہزار 330سے زائد رنز بناچکے ہیں۔ ان کے کے انٹرنیشنل کریئر میں 31سنچریاں اور 104نصف سنچریاں شامل ہیں۔بابر اعظم کی مستقل مزاجی اور شاندار کارکردگی نے انہیں دنیا کے سب سے کامیاب بیٹسمینوں میں شامل کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح اور تجزیہ کار بابراعظم کی کارکردگی کی بھرپورتعریف کررہے ہیں، خاص طور پر اس سنگ میل کے موقع پر، جس سے وہ پاکستان کیلئے ایک اورتاریخی لمحہ تخلیق کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اس ریکارڈ نے بابراعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں عظیم بیٹسمین کے طور پر پہچان کو مزید مستحکم کیا ہے۔




