FDAکا تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد اصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسفٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اس دوران بعض عارضی و ناجائز تعمیرات کو مسمار اور دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں مانیٹرنگ کرتے ہوئے ہائوسنگ کالونیوں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو کینال روڈ چک نمبر 203 رب کی اراضی پر نور ہومز/ میجسٹک ولاز اور چک نمبر 242 رب سمندری روڈ کی زمین پر نووا انکلیو کے ناموں سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے وہاں چار دیواریوں، سیوریج سسٹم، عارضی سڑکوں اور دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کر دیا جبکہ موقع پر موجود ان کے دفاتر کو بھی سیل کر دیا گیا۔ ڈیویلپر سے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط پوری کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جا سکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل متعلقہ ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں