فیصل آباد میں بڑھتی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی 46سنگین وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ لاکھوں کے زیورات، نقدی، قیمتی سامان، موبائل فونز چھین کر لے گئے’ متعدد شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا گیا جبکہ اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 4خواتین کو اغوا کر لیا’ پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق جھنگبازار کے علاقہ امین ٹائون کے رہائشی وقاص احمد کی اہلیہ (ن) 6سالہ بیٹے اذان کو بازار جاتے ہوئے نامعلوم ملزمان ، غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ رسول پورہ کی نسرین کی طلاق شدہ بیٹی (س) کو نامعلوم ملزمان، تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ اسلامیہ پارک کے رہائشی شعیب کی جواں سالہ بیٹی (الف) کو ملزمان مدثر وغیرہ اور اڈا مرید والا کے قریب سمیرا بی بی کی بیٹی (الف) کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ جبکہ غلام محمد آباد سنہری چوک کے قریب عثمان سے جھپٹا مار کر فون، کلیم شہید کالونی کے غلام غوث سے نقدی وفون، راجباہ روڈ پر نقیب اللہ سے جھپٹا مار کر فون، مرید والا کے شان مسیح سے موٹر سائیکل’ نقدی وفون چھین لی، گٹ والا فخر آباد کے بلال کے ڈیرہ سے لاکھوں کے بکرے چوری، فیضان مدینہ کے قریب اسامہ سے22ہزار وفون، منصور آباد کے قریب بلال سے نقدی، شیخوپورہ روڈ پر اسماء بی بی کے گھر سے لاکھو ںکا سامان چوری، غلام محمد آباد نمبر2 کے وقاص علی کے گھر کا صفایا کر دیا گیا’ ملت ٹائون ایف بلاک کے زاہد علی کے گھر سے سامان چوری، ستارہ سپریم سٹی کے علی رضا کے گھر سے سلنڈر چوری، 185ر۔ب کے لیاقت علی سے نقدی وفون، 199ر۔ب کے شفیق کی حویلی سے مویشی چوری، 148ر۔ب کے ذیشان سے30ہزار و فون چھین لیا، 67ج کے قریب شاہد سے13ہزار وفون، ڈی ٹائپ کالونی پلی کے قریب حیدر علی سے جھپٹا مار کر قیمتی فون، 34ج ب میں ٹرانسفارمر ٹاور سے تیل چوری، یوسف ٹائون کے بلال کے گھر سے لاکھوں کے زیورات نقدی سامان چوری، اویس نگر میں نوید کے زیر تعمیر گھر سے ٹی آر گارڈرز چور لے اڑے’ اقبال نگر کے عدنان کی شاپ سے بھاری مالیت کا سامان چوری، رشید نگر کے قریب سلیمان سے نقدی وفون، کالج روڈ سمن آباد پر غلام سرور سے ایک لاکھ ، فون چھین لیا، گلشن اقبال کالونی کے عمیر خان کے گھر کا صفایا کر دیا گیا، 269ر۔ب کے ارشاد جیلانی سے2ہزار روپے وفون چھین لیا، اولڈ ورکس پارک جڑانوالہ کے قریب اسامہ سے 15ہزار وفون، کھرڑیانوالہ بنک کے باہر جواد احمد سے جھپٹا مار کر فون، 478گ ب کے ارشد سے نقدی وفون، 228گ ب کے فیضان کی شاپ سے قیمتی سامان چوری اور دیگر وارداتوں کے دوران بھی سماج دشمن عناصر لاکھوں کا مال واسباب لوٹ کرفرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں الائیڈ ہسپتال سے علی حسین، شیخ کالونی کے احسن حفیظ، گلستان کالونی کے شان، گرین ٹائون کے صفی اللہ، مدینہ ٹائون سی بلاک کے فہد،31ج ب کے شفیق، 214ر۔ب کے علی رضا، محلہ فیروز شاہ کے اکرم، سمندری روڈ سے قیصر شہزاد، تاج گارڈن کے ثناء اللہ، 123گ ب کے عمران اور دیگر کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے۔ بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار، پولیس شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود چوروں کے گروہوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں