کھیلیں نوجوانوں میں نظم و ضبط بھائی چارہ پیدا کرتی ہیں،کمشنر جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژن میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پرہیں ۔ ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کی زیرنگرانی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیراہتمام دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والا ڈسٹرکٹ اولمپیڈ2025 اختتام پذیر ہوگیا۔کھیلتا چنیوٹ کے تحت اولمپیڈ میں 11 مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقادہوا جس میں ساڑھے12 ہزار سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ایلیمنٹری سے سیکنڈری ونگ کے طلبا وطالبات کے علاوہ اساتذہ کے مابین بھی مقابلے ہوئے۔بوائز وگرلز کے مابینکرکٹ،ہاکی،فٹبال،کبڈی،اتھلیٹکس،والی بال، بیڈ منٹن،رسہ کشی،جمناسٹک،سائیکلنگ کے مقابلے جبکہ اساتذہ نے بھی رسہ کشی،اتھلیٹکس اور بیڈمنٹن میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ونر کھلاڑیوں کے لئے15 لاکھ روپے کے نقد انعامات رکھے گئے تھے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل،ایڈیشنل کمشنر آصف حیات،رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل،سی او ایجوکیشن ظفراقبال سمیت دیگر افسران،اساتذہ اور طالب علموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اختتامی روز کبڈی اور رسہ کشی کے کانٹے دار مقابلے ہوئے۔کمشنر نے طالبات کی طرف سے ثقافتی سٹالز کا بھی دورہ کیا اورطالبات کی طرف سے تیار کردہ روایتی کھانا ساگ مکئی کی روٹی چکھی۔کمشنر نے شاندار ٹورنامنٹ پر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھیلیں نوجوانوں میں نظم وضبط،بھائی چارہ اور سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرتی ہیں۔ڈویژن بھر میں سکول لیول پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری ہے۔کمشنرنے اولمپیڈ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ایسے صحت مندانہ مقابلے تسلسل سے کرانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں۔کمشنر نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ونرز کو نقد انعامات اور وننگ ٹرافیزبھی تقسیم کیں۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع چنیوٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اورڈی سی آفس میں میگا ڈویلپمنٹ سمیت عوامی بہبود کے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ لی۔کمشنر نے مختلف سیکٹرز کے منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ لی اور کہا کہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم فریم میں مکمل ہونے چاہیں۔شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرانے میں ڈپٹی کمشنر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے منصوبوں پر عملدرآمد کرانے والے محکموں کے افسران سے کہا کہ دستیاب فنڈز کوتیز رفتاری سے بروئے کارلائیں۔ٹھیکیداروں کو مزید متحرک کیا جائے اور جہاں اضافی فنڈز درکار ہوں نوٹس میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کراکرعوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں