غزہ میں بارش پناہ گزینوں کے خیمے ڈوب گئے

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک ) اسرائیلی فوج کی بربریت کی شکار غزہ پٹی میں موسم سرما کی پہلی بارش سے فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، پناہ گزینوں کے خیمے پانی میں ڈوب گئے۔فلسطینی رات گئے عارضی پناہ گاہوں میں سو رہے تھیکہ اچانک تیز بارش شروع ہوگئی جس سے پناہ گزینوں کے خیموں میں پانی جمع ہوگیا، رضائیاں،کمبل سمیت فلسطینیوں کا بچا کھچا سامان بھی پانی کی نذر ہوگیا۔ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے یہ خیمے ان کے لیے بنائے تھے مگر وہ شہید ہو چکے ہیں اور اب یہ خیمے بھی تباہ ہوگئے ہیں، غمزدہ والدہ نے سوال کیا کہ اب میں کیا کروں؟ اب میں کہاں جاؤں؟ایک اور خاتون نے غیر بتایا کہ وہ اور ان کے چھوٹے بچے بارش سے مکمل طور پر بھیگ گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان خیموں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور ان عارضی خیموں کے علاوہ کوئی چھت انہیں بارش سے بچانے کے لیے موجود نہیں۔بارش کے بعد درپیش مشکلات بیان کرتے ہوئے ایک فلسطینی خاتون اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور زارو قطار رونے لگیں۔موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بے گھر پناہ گزیں ٹھٹھر کر رہ گئے، بیشتر فلسطینی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ادھر امدادی اداروں اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں